۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
ہفتہ وحدت

حوزہ/ ماہ ربیع الاول اور ھفتہ وحدت کے موقع پر ہمیں امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و وحدت کو فروغ دینا ہے کیونکہ اسلام دشمن سامراجی قوتیں مسلمانوں کے درمیان اختلاف اور انتشار کے لئے دن رات کوشاں ہیں استکباری قوتیں سالانہ کروڑوں ڈالر اختلاف بین المسلمین پر خرچ کرتی ہیں۔ ہمیں دشمن کی سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔ لڑاؤ اور حکومت کرو کی پالیسی کے تحت استعماری قوتیں چھوٹے چھوٹے اختلافات کو دشمنی میں بدلتی ہیں تاکہ امت مسلمہ کمزور ہو۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جیکب آباد/ جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں مدرسہ جامعہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سٹی آف نالج پبلک اسکول کے طلباء و طالبات نے ریلی نکالی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آقائے دو جہاں سرور کائنات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے موقعہ پر ہم تمام عالم انسانیت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ربیع الاول کے مبارک مہینہ میں ہمیں حضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تجدید عہد کرنا ہوگا کہ ہم ان کی پاکیزہ تعلیمات کی روشنی میں زندگی گزاریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول اور ھفتہ وحدت کے موقع پر ہمیں امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و وحدت کو فروغ دینا ہے کیونکہ اسلام دشمن سامراجی قوتیں مسلمانوں کے درمیان اختلاف اور انتشار کے لئے دن رات کوشاں ہیں استکباری قوتیں سالانہ کروڑوں ڈالر اختلاف بین المسلمین پر خرچ کرتی ہیں۔ ہمیں دشمن کی سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔ لڑاؤ اور حکومت کرو کی پالیسی کے تحت استعماری قوتیں چھوٹے چھوٹے اختلافات کو دشمنی میں بدلتی ہیں تاکہ امت مسلمہ کمزور ہو۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان قرآن و سنت اور تعلیمات اھل بیت علیھم السلام کی روشنی میں اتحاد بین المسلمین کی علمبردار ہے۔ رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم 12 تا 17 ربیع الاول ھفتہ وحدت منائیں گے۔ اھل سنت ہمارے بھائی اور ہمارے سر کا تاج ہیں۔ ہم میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں کا پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کریں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .